46

فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن آمد پر ہنگامہ کاغذات نامزدگی منظور

کراچی(این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی سینیٹ کے انتخابات کے سلسلے میں جانچ پڑتال کے لیے الیکشن کمیشن آمد پر جمعرات کو ہنگامہ آرائی ہوئی ہے۔فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن آمد کے موقع پر پاکستان تحریکِ انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی کےکارکنان آمنے سامنے آگئے جن کے درمیان جھگڑا بھی ہوا، ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی بھی کی گئی۔ہنگامہ اضافی افراد کے الیکشن کمیشن کے اندر لے جانے پر ہوا۔ سینیٹ کی جنرل سیٹ کے امیدوار فیصل واڈا الیکشن کمیشن سندھ پہنچے اور اپنے تائید و تجویز کنندہ کے ہمراہ ریٹرننگ افسر کے دفتر میں

گئے تو ان کے خلاف درخواست گزار وکلا بھی اندر جانے لگے مگر الیکشن کمیشن کے عملے اور پولیس نے ان کے ہمراہ موجود غیر متعلقہ افراد کو جانے سے روک دیا اسی پر تلخ کلامی شروع ہوگئی، بحث و مباحثے کے دوران نعرے بازی بھی شروع ہوگئی، اس دوران پولیس کی اضافی نفری بلاکر الیکشن کمیشن کے گیٹ بند کردیے گئے اور غیر متعلقہ افراد کو باہر نکال دیا، صورتحال کچھ دیر میں معمول پر آگئی۔بعد ازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پاکستان تحریکِ انصاف کے سینیٹ کے امیدوار فیصل واوڈا کے کاغذاتِ نامزدگی منظور کر لیئے۔دوسری جانب مسلم لیگ نون کے رہنما مفتاح اسماعیل کا فیصل واوڈا پر تنقیدکرتے ہوئے کہاہے کہ پی ٹی آئی کے فیصل واوڈا نے کینیڈین شہری ہوتے ہوئے سینیٹ کے لیے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیرِاعظم عمران خان نے کیا سوچ کر انہیں ٹکٹ دیا، انہیں کیسے پتہ کہ 50 سے 70 کروڑ کا ریٹ چل رہا ہے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں