41

قومی ایئر لائن کی مہمان نوازی اور خدمات کا اعتراف جنوبی افریقی کپتان نے پی آئی اے کے سی ای او کو سرپرائز دیدیا

لاہور( آن لائن )جنوبی افریقی ٹیسٹ کپتان کوئٹن ڈی کوک نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائن (پی آئی اے) کے سی ای او ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کو دورہ پاکستان کے دوران قومی ایئر لائن کی مہمان نوازی اور خدمات کے اعتراف میں ایک دستخط کردہ شرٹ بھجوا دی ہے۔پی آئی اے نے 8 فروری کو پروٹیز کپتان کی جانب سے دی گئی ٹی شرٹ کی تصویر شیئر کی، پی آئی اے نے ٹویٹ کیا کہ جنوبی افریقہ کے کپتان کوئٹن ڈی کوک نے پی آئی اے کی مہمان نوازی اور خدمات کے لئے شکریہ ادا کرنے کے لئے ہمارے

سی ای او ایئر مارشل ریٹائرڈ ارشد ملک کو دستخط کے ساتھ ٹی شرٹ بھیجی ہے،یہ ٹی شرٹ ایئر لائن کی یادداشت کا حصہ بن جائے گی، ہم جنوبی افریقی ٹیم کے دورہ پاکستان کے لیے پی آئی اے کا انتخاب کرنے پر شکرگزار ہیں۔یاد رہے کہ کوئنٹن ڈی کوک نے 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے دوران مہمان ٹیم کی کپتانی کی تھی اور یہ سیریز پیر کے روز ختم ہونے کے بعد وطن واپس روانہ ہوگئے ہیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی سیریز کے لیے سفر کرنے والی پروٹیز ٹیموں کے لئے چارٹرڈ پروازوں کا بندوبست کیا تاکہ کھلاڑیوں اور عہدیداروں کی کورونا وائرس سے حفاظت کو یقینی بنایا جاسکے۔



اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں